کلر سیداں کی بستی لونی جسیال میں گیس دھماکے سے مزید دو ہلاک،

کلر سیداں کی بستی لونی جسیال میں گیس دھماکے سے مزید دو ہلاک،اب تک جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 5ہو چکی ہے ایک خاتون کی حالت بدستور تشویشناک ہے حادثے میں کلر سیداں کا تیس سالہ وقاص،اس کی اہلیہ شعبانہ اور بیٹا احتشام بھی جاں بحق ہوئے جبکہ تھوہا خالصہ سے کلر سیداں متاثرہ خاندان کے ہاں مہمان آئی ہوئی فیملی بابر اقبال کا تیرہ سالہ باسط علی اور اڑھائی سالہ سونیا بھی زندگی کی بازی ہار گئے۔تین جنازے کلر سیداں اور دو تھوہا خالصہ میں اٹھے تو کہرام مچ گیا۔تفصیلات کے مطابق بلدیہ کلر سیداں کی وارڈ لونی جسیال میں گزشتہ ڈیڑھ برس سے سوئی گیس کی لائن لیک تھی مقامی لوگوں نے بار ہا مرتبہ حکام کو صورتحال سے آگاہ کیا سوئی گیس کے اہلکار آتے اور متاثرہ جگہ دیکھ کر لوٹ جاتے گزشتہ ہفتے جب تیز ہو ا چل رہی تھی اور گلی میں سوئی گیس کی لائن سے خارج ہونے گیس کمرے کی کھڑکیاں کھلی ہونے کے باعث کمرے کے اندر جمع ہو تی رہی اور رات گئے جب کسی نے واشروم جانے کے لیے بلب آن کیا تو زور دار دھماکہ ہواجس سے گھر کے درو دیوار ہل گئے۔دھماکے میں ایک ہی گھر کے آٹھ افراد بری طرح سے جھلس گئے تھے انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تو پہلے کلر سیداں کا محنت کش تیس سالہ محمد وقاص دم توڑ گیا جس کے بعد اس کا بیٹا احتشام چل بسا اور اتوار کو اس کی اہلیہ بھی دار فانی سے کوچ کر گئی جبکہ کلر سیداں میں آئے ہوئے مہمان تیرہ سالہ باسط علی اور اس کی اڑھائی سالہ بہن سونیا بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دنیا سے رخصت ہو گئی۔اس طرح ایک ہی گھرکے تین جنازے کلر سیداں سے اور بہن بھائی کے دو جنازے تھوہا خالصہ سے نکالے گئے جبکہ ریحانہ نامی خاتون کی حالت بدستور خطرے میں بتائی جاتی ہے واقعہ کے کئی ایام گزرنے کے بعد بھی کسی کے خلاف مقدمہ درج نہ ہو سکا حادثے اور ہلاکتوں کے بعد سوئی گیس کے اہلکار کلر سیداں پہنچے اور انہوں نے ڈیڑھ برس سے متاثرہ لائن کو مرمت کر دیا مگر یہ کام اس وقت ہوا جب پانچ افراد اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں