بھارت کشمیر کو تر نوالہ نہ سمجھے۔ محمد زاہد راجہ

سلاؤ۔یوکے ( رپورٹ:۔ ساجد جنجوعہ کشمیری ) بھارت کشمیر کو تر نوالہ نہ سمجھے۔ محمد زاہد راجہ۔ پاکستان تحریک انصاف برطانیہ کے مرکزی راہنماء محمد زاہد راجہ سے پی ٹی آئی کشمیر یوکے کے راہنماء بیرسٹر اسرار ملک نے انکے چیمبر میں ملاقات کی۔ اور آزاد کشمیر میں اپنی الیکشن مہم سے آگاہ کیا کہ وہ جلد ہی کوٹلی آزاد کشمیر جا کر حلقہ نمبر ایک میں اپنی انتخابی مہم چلائیں گے اور انہیں امید ہے کہ پاکستان تحریک انصاف انہیں ہی ٹکٹ دے گی۔ اس موقع پر دونوں راہنماؤں نے بھارتی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے بدترین مظالم کی مذمت کی۔ اور انسانی حقوق کی شدید پامالیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب سے امریکی صدر ٹرمپ نے وزیر اعظم پاکستان جناب عمران خان سے ملاقات میں کشمیر پر ثالثی کروانے کی بات کی اور مودی کی ڈھونگ جمہوریت کا چہرہ بے نقاب کیا ہے۔ بھارت سرکار بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے۔ بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں اپنی سات لاکھ سے زائد فوج لگا رکھی ہے جبکہ گورنر راج بھی نافذ کر رکھا ہے ۔ ہزاروں کشمیریوں کی ہلاکت اور عقوبت خانوں میں ان پر تشدد کے باوجود وہ کشمیریوں کے جذبۂ آزادی کو سرد نہ کر سکا۔ اب بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں مزید دس ہزار تازہ دم فوج بھیج دی ہے مگر جان لے کہ وہ تمام تر منفی ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم نہیں کر سکتا۔ پی ٹی آئی کے مرکزی راہنماء ، کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کے ماتھے کا جھومر اور معروف بزنس مین محمد زاہد راجہ نے کہا کہ بھارت کشمیر کو تر نوالہ نہ سمجھے کہ وہ اسے ہڑپ کر لے گا۔ بلکہ اسے کشمیریوں کو آزادی دینا ہو گی۔ بھارت کشمیر سے بے نیل و مراد ہو کر نکلے گا اور اسے کشمیریوں کی نسل کشی اور ان مظلوموں پر ڈھائے جانے والے روح فرسا مظالم کا حساب بھی دینا ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں