راولپنڈی کے علاقے مورگاہ میں مون سون کی موسلادھار بارش کے باعث نالے کے کنارے پر بنے مکان میں سوئے 6 افراد عمارت منہدم ہونے سے برساتی پانی میں بہہ گئے جن میں سے 4 افراد کی لاشیں تلاش کرکے نکال لیں گئیں جب کہ 2 افراد کو سرچ آپریشن کے بعد بچا لیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر راولپنڈی کا کہنا ہے کہ شدید بارش کے نتیجے میں مورگاہ میں واقع نالے کے کنارے پر بنا مکان منہدم ہوا اور عمارت میں سوئے 6 افراد برساتی نالے میں ڈوب گئے تھے جن میں سے 4 افراد کی لاشیں تلاش کرکے پانی سے نکالی جاچکی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نالے میں بہہ جانے والے 4 افراد میں ایک عورت، بچہ، 21 سالہ عنایت شاہ اور 10 سالہ وہاب شامل ہیں، اس کے علاوہ ایک ماں اور بچے کو سرچ آپریشن کرکے زندہ بچا لیا گیا ہے۔
دوسری جانب ترجمان ضلعی حکومت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں شدید بارش سے نالہ لئی میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جب کہ راولپنڈی کٹاریاں میں ساڑھے گیارہ فٹ اور گوالمنڈی میں پانی 8 فٹ تک بلند ہو چکا۔