پاک آرمی کا چھوٹا تربیتی طیارہ راولپنڈی کے علاقہ موہڑہ کالو میں آبادی پر گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار 2 پائلٹس سمیت عملے کے 5 افراد جب کہ گھروں میں سوئے بچے اور خواتین سمیت 17 افراد جاں بحق اور 12 سے زائد زخمی ہوگئے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔
دوسری جانب آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق راولپنڈی موہڑہ کالو میں آبادی پر گرکر تباہ ہونے والا چھوٹا طیارہ پاک آرمی کا ہے جو کہ معمول کے مطابق تربیتی پرواز پر تھا۔ طیارے میں سوار 2 پائلٹ سمیت عملے کے 5 افراد شہید ہوئے جن میں پائلٹ لیفٹیننٹ کرنل ثاقب، لیفٹیننٹ کرنل وسیم، نائب صوبیدار افضل، حوالدار ابن امین اور حوالدار رحمت شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے جوانوں نے جائے حادثہ کو حصار میں لے کر امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں اور شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر عبدالرحمان نے طیارہ حادثے میں 17 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مرنے والوں کی تعداد اس سے زیادہ بھی ہو سکتی ہے جب کہ زخمیوں کی تعداد 12 سے زائد ہے۔ انہوں نے بتایا کہ طیارہ آبادی کے جن گھروں پر گرا وہاں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا اور کولنگ کا عمل جاری ہے، علاقے کی بجلی منقطع کردی گئی ہے جب کہ لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے