نامعلوم چور بیوہ کے گھر سے ہزاروں روپے کی نقدی،موبائل فونز اور دیگر سامان چوری کر کے فرار

کلر سیداں پولیس چوکی چوکپنڈوری کی حدود میں چوری کی ایک واردات میں نامعلوم چور بیوہ کے گھر میں داخل ہو کر ہزاروں روپے کی نقدی،موبائل فونز اور دیگر سامان چوری کر کے فرار ہو گئے۔واردات کے دوران اہل خانہ خواب خرگوش کے مزے لیتے رہے اور صبح نیند سے بیدار ہونے کے بعد واردات کا علم ہوا۔چوری کی یہ واردات نئی آبادی چوکپنڈوری میں بیوہ مقصود جان کے گھر میں پیش آئی جہاں وہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب اپنی دو بیٹیوں کے ہمراہ گھر میں سو رہی تھی کہ نامعلوم چور دیوار پھلانگ کر گھر میں داخل ہو گئے اور کمروں کی تلاشی کے دوران بارہ ہزار روپے سے زائد کی نقدی، دو عدد موبائل فونز اور دیگر سامان سمیٹ کر فرار ہو گئے۔یاد رہے کہ گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران چوری اور رہزانی کی متعدد وارداتوں میں مختلف مالکان کی 12 عدد بکریاں،آٹھ عدد بکرے،ایک عدد قربانی کا بیل جبکہ رہزنی کی ایک واردات میں نامعلوم چور محمد نثار سے پچاس ہزار روپے کی رقم چھین کر فرار ہو گئے اور پولیس ابھی تک کسی ایک واردات کا بھی سراغ لگانے میں کامیاب نہ ہو سکی جس کی وجہ سے اہالیان چوکپنڈوری عدم تحفظ کا شکار ہو گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں