برطانیہ میں یوم شہدائے کشمیر عقیدت و احترام سے منایا گیا

سلاؤ۔یوکے ( رپورٹ:۔ ساجد جنجوعہ کشمیری ) برطانیہ میں یوم شہدائے کشمیر عقیدت و احترام سے منایا گیا۔برطانیہ میں تیرہ جولائی یوم شہدائے کشمیر انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا اور شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس سلسلہ میں 13 جولائی 2019ء بروز ہفتہ کو ایک تقریب سلاؤ برکشائر کاؤنٹی، انگلینڈ یوکے میں منعقد ہوئی۔ جس میں پروفیسر نذیر شال ایگزیکٹو کونسل ممبر آف آرگنائزر آف کشمیر کولیشن، چوہدری محمد شعبان مرکزی راہنماء پی ٹی آئی کشمیر یوکے، راجہ محمد اسحاق خان چیف آرگنائزر مسلم کانفرنس برطانیہ، راجہ گلنواز خان مرکزی راہنماء جموں کشمیر لیبریشن فرنٹ برطانیہ زون، چوہدری جمیل احمد تبسم مرکزی راہنماء مسلم کانفرنس برطانیہ، راجہ ارزش خان صدر یوتھ آزاد کشمیر مسلم لیگ ن یوکے، امجد عباسی پبلسٹی چیئرمین اوورسیز مسلم کانفرنس، حوالدار (ر ) راجہ ہدایت اللہ، سردار شکیل احمد ایڈووکیٹ مرکزی راہنماء مسلم کانفرنس برطانیہ، چوہدری آزاد اور راجہ ریاست و دیگر موجود تھے۔ اس موقع پر تیرہ جولائی انیس اکتیس کے شہدائے اکرام کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ کہ ظالم اور مطعلق ہندو ڈوگرہ سامراج ہری سنگھ کے دور حکومت میں سینٹرل جیل سری نگر کشمیر کے باہر ڈوگرہ سپاہیوں نے قریب سے گولیاں چلا کر 22 بے گناہ نہتے کشمیریوں کو آذان دینے کی پاداش میں شہید کر ڈالا تھا جبکہ بے شمار زخمی ہوئے۔ ریاست جموں و کشمیر کے کشمیری مسلمان ایک مسلمان عبدالقدیر خان پر چلائے جانے والے مقدمے کی سماعت کے موقع پر وہاں اکٹھے ہوئے تھے۔ جبکہ اسی اثناء میں نماز کا وقت ہو گیا اور جب ایک کشمیری مسلمان نے آذان کہی تو ظالم ڈوگرہ سپاہی نے اس پر گولی چلا دی اور اسی طرح سے کشمیری آذان مکمل کرتے جاتے اور سپاہیوں کی بندوقوں کی گولیاں کھا کھا کردین کی حرمت پر قربان ہوتے گئے۔ اس واقعہ نے پوری ریاست کو جھنجوڑ کر رکھ دیا تھا اور ہندو ڈوگرہ مہاراجہ ہری سنگھ کے خلاف تحریک شروع ہوئی۔ جس کے نتیجہ میں کشمیری مسلمانوں کی پہلی ریاستی اور سیاسی جماعت مسلم کانفرنس کا قیام عمل میں لایا گیا۔ جس کے بانی شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ تھے۔ اس سانحہ نے انڈیا میں بھی آزادی کی تحریکوں کو مہیز دی۔ اور کانگرس اور مسلم لیگ نے آزادی کا مطالبہ زور و شور سے کرنا شروع کر دیا تھا۔ کشمیری ہر سال یوم شہدائے کشمیر نہایت ہی عقیدت و احترام سے مناتے ہیں اور شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ تقریب کے آخر میں شہدائے کشمیر کے ایصال ثواب اور انکے درجات کی بلندی کیلئے دعائے مغفرت کی گئی۔ پروفیسر نذید شال نے شہدائے کشمیر کی فاتحۂ خوانی کیلئے اجتماعی دعا کروائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں