عمران خان سے حسد کرنے والوں کا احتجاج عوامی رنگ سے محروم ہے، فردوس عاشق

اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ عمران خان پاکستانیوں کے دل کی آواز ہیں ان کی عوامی مقبولیت سے حسد اور بغض رکھنے والوں کا احتجاج عوامی رنگ سے محروم ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا منڈی بہاﺅالدین کی کارنرمیٹنگ اور ورکرز کنونشنز کی ناکامی کے بعد بیگم صفدراعوان جی ٹی روڈ ٹریفک کا سہارا لینا چاہتی ہیں۔ منہ میں سونے کا چمچ لے کر پیدا ہونے والے جدوجہد نہیں صرف جعل سازی کر سکتے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا عمران خان پاکستانیوں کے دل کی آواز ہیں، اُن کی عوامی مقبولیت سے حسد اوربغض رکھنے والوں کا احتجاج عوامی رنگ سے محروم ہے۔ اب نہ پٹواری ماتحت ہیں اور نہ ہی تھانیدار۔ انہیں یہی تکلیف کھائے جارہی ہے کہ قانون اُن سے بالا ترکیسے ہوگیا، عوام نے لٹیروں کو مسترد کر کے وطن کی امانت اس قیادت کے سپرد کی جو پاکستان کو خوشحالی اور روشن مستقبل کی راہ پر گامزن کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں عوام کا نہیں صرف اپنے اقتدار کی محرومی کا درد ہے۔ خود کو قانون سے بالا تر سمجھنے والے نئے پاکستان میں پہلی دفعہ قانون کے یکساں اطلاق سے بے بس ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں