برطانیہ میں برٹش کشمیر کونسل کے قیام کا فیصلہ

لندن۔یوکے ( رپورٹ:۔ ساجد جنجوعہ کشمیری )برطانیہ میں برٹش کشمیر کونسل کے قیام کا فیصلہ۔ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے برطانیہ میں برادری ازم اور آزاد کشمیر کی اقرباء پروری کی سیاست سے پاک تنظیم برٹش کشمیر کونسلBritish Kashmir Council بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جو مخلصانہ طور پر عالمی سطح پر تحریک آزادیٔ کشمیر کو مہمیز دے گی۔ برٹش بورن نوجوان کشمیری نسل کو مسئلہ کشمیر سے روشناش کروائے گی۔ جو غیر ملکی بھارتی ایجنسیوں کی آلۂ کار بننے کی بجائے منقسم ریاست جموں و کشمیر کی مکمل آزادی اور ریاستی تشخص کیلئے کام کرے گی۔ اس پروجیکٹ پر ساجد جنجوعہ کشمیری و ان کے ہم خیال ساتھیوں کی جانب سے عرصۂ دراز سے کام جاری تھا۔ جلد ہی پارٹی کا منشور بھی تیار کر لیا جائے گا جبکہ برطانیہ یورپ میں مقیم کشمیری تنظیم کے ممبر بن سکتے ہیں۔ برٹش کشمیر کونسل کا قیام 13 جولائی ’’ یوم شہدائے کشمیر ‘‘ کی مناسبت سے کیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر بزرگ کشمیری راہنماء جناب چوہدری محمد افضل کو BKC ( بی کے سی ) کا چیئرمین اور ساجد جنجوعہ کشمیری کو سیکرٹری جنرل نامزد کیا گیا ہے۔ تنظیم کے باقی عہدیداروں کا بھی جلد اعلان کیا جائے گا۔ جن میں وائس چیئرمین، جوائنٹ سیکرٹری، خزانچی اور سیکرٹری نشر و اشاعت شامل ہیں۔ چیئرمین برٹش کشمیر کونسل چوہدری محمد افضل اور سیرکٹری جنرل ساجد جنجوعہ کشمیری نے برطانیہ میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں تقویت دی جبکہ کشمیریوں کے مظاہروں میں بھارتی فوج کی جانب سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے روح فرسا مظالم پر احتجاج کیا اور انسانی حقوق کی شدید پامالیوں کی مذمت کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں