شہید برھان وانی کی شہادت نے تحریک آزادی کشمیر کو تقویت بخشی ہے، چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضاسید

برسلز(پ۔ر) چیئرمین کشمیرکونسل یورپ (ای یو) علی رضاسید نے کہاہے کہ شہید برھان وانی کی قربانی رائیگان نہیں جائے گی۔ ان خیالات کا اظہارانھوں نے شہید مظفربرھان وانی کی تیسری برسی کے حوالے سے برسلز سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کیا۔ شہید وانی کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے علی رضاسید نے کہاکہ شہید برھان وانی کشمیرکے ایک عظیم سپوت تھے اور ان کی شہادت نے جدوجہد آزادی کشمیر میں ایک نئے باب کا اضافہ کیاہے۔ شہداء نے تحریک آزادی کو تقویت بخشی ہے اور ہم شہداء کی قربانیوں کو کبھی بھی فراموش نہیں کرسکتے۔ علی رضاسیدنے کہاکہ کشمیر ی ہرگزاپنے ا صولی موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے بلکہ ان کی تحریک اپنے منطقی انجام تک پہنچ کررہے گی۔ چیئرمین کشمیرکونسل یورپ نے کہاکہ جب تک مسئلہ کشمیرکشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل نہیں ہوتا، یہ جدوجہد جاری رہے گی۔ کشمیریوں کا موقف واضح ہے، وہ بھارت سے آزادی چاہتے ہیں۔ بھارت قتل غارت اور بے جا حراست کے ذریعے کشمیریوں کو زیادہ دیر تک غلام نہیں رکھ سکتا۔ علی رضاسید نے کہاکہ کشمیریوں کی جدوجہد اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہے اور بھارت نے بھی انہیں حق خودارادیت دینے کا وعدہ کررکھا ہے۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے عالمی برادری سے مطالبہ کیاکہ وہ آگے آئے اور بھارت کو کشمیریوں پر مظالم سے روکے اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے کردار ادا کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں