آج کی فتح کے ساتھ گرین شرٹس کا مشن ورلڈکپ اختتام پذیر ہوگیا، قومی ٹیم کو سیمی فائنل تک رسائی کے لیے 311 رنز سے فتح درکار تھی تاہم گرین شرٹس کا یہ خواب لارڈز کے تاریخی میدان میں پورا نہ ہوسکا۔پاکستان نے 9 میچوں میں سے 5 جیتے اور تین میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جب کہ ایک میچ ڈرا ہوا، 11 پوائنٹس کے باوجود ناقص رنز ریٹ کے باعث قومی ٹیم فائنل فور میں رسائی سے محروم رہی اور بہتر رنز ریٹ کی بنیاد پر نیوزی لینڈ سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔
آخری میچ میں ، پاکستان نے بنگلا دیش کے خلاف ٹاس جیت کربیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخرزمان اور امام الحق نے کیا تاہم صرف 23 کے مجموعی اسکور پر فخرزمان 13 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
ون ڈاؤن آنے والے بابر اعظم نے امام الحق کے ساتھ مل کر ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا، دونوں نے 157 رنز کی شراکت قائم کی تاہم بابر اعظم 96 رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ اوپنر امام الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور سنچری اسکور کی تاہم اگلی ہی گیند پر وہ ہٹ وکٹ ہوگئے جب کہ کچھ ہی دیر بعد محمد حفیظ بھی آؤٹ ہوگئے۔