آزاد خطہ سے بدمعاشی کی سیاسی اجارہ داری کا خاتمہ کریں گے۔ بیرسٹر اسرار

لوٹن۔ برطانیہ ( رپورٹ:۔ ساجد جنجوعہ کشمیری ) آزاد خطہ سے بدمعاشی کی سیاسی اجارہ داری کا خاتمہ کریں گے۔ بیرسٹر اسرار ملک۔ ممتاز اور دلعزیز برطانوی نوجوان ماہر قانون دان بیرسٹر اسرار احمد ملک جنہوں نے اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد دوران پریکٹس پہلی بار عملی طور پر سیاست میں قدم رکھا ہے۔ اورانہوں نے سیاست کے لئے جس پارٹی کو جوائن کیا ہے۔ وہ پاکستان تحریک انصاف پارٹی آزاد کشمیر ہے۔ تحریک انصاف آزاد کشمیر میں باقاعدہ شمولیت اختیار کرنے کے بعد وہ صف اول کے مرکزی راہنماء بھی بن گئے ہیں۔ جبکہ انہوں نے برطانیہ سے واپس آزاد کشمیر جا کر عوام کی خدمت کا تہیہ کر لیا ہے۔ انہوں نے عوام میں رہ کر عوام کی خدمت کرنی ہے جبکہ سیاست کو عبادت سمجھ کر پسے ہوئے محروم طبقہ کی راہنمائی کرنی ہے۔ تحریک انصاف آزاد کشمیر کے مرکزی راہنماء بیرسٹر اسرار ملک نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ خطہ سے فرسودہ سیاسی اجارہ داری کا خاتمہ کیا جائے۔ آزاد کشمیر کی موجودہ ن لیگی حکومت اور سابقہ ادوار کی پی پی اور مسلم کانفرنس کی حکومتوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آزاد کشمیر کے عوام کا استحصال کیا ہے۔ عوام کو انکے بنیادی حقوق سے محروم رکھا جبکہ دھاندلی کی پیداوار حکومتوں نے ایک عام آدمی کی عزت نفس مجروح کی۔ ہم اقتدار میں آ کر عوام کو انکا جائز مقام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے بدعنوانی کی، قومی خزانے اور عوام کے مال و دولت کو لُوٹا ہے۔انہیں انصاف کے کٹہڑے میں لا کھڑا کیا جائے گا۔ اس وقت آزاد کشمیر کے اندر کوئی بھی ادارہ ایسا نہیں ہے جو کرپشن سے پاک ہو۔ جہاں پر رشوت ستانی عام نہ ہو۔ ان متعلقہ اداروں میں کام کرنے والے ملازمین نے عام لوگوں سے ان کے کام کے عوض اور مختلف وجوہات کی بناء پر رشوت لینے کو جائز سمجھ لیا ہے۔ جبکہ رشوت ستانی اسلامی میں منع ہے اور ہماری دینی تعلیمات کے منافی ہے۔ آج کی ہمارے معاشرے کی موجودہ صورتحال سماجی و سیاسی،اقتصادی و معاشرتی اور اخلاقی گراوٹ کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیانتدار، دیندار اور باوقار سیاستدان زندہ ضمیر قوموں کے رول ماڈل اور راہنماء ہوتے ہیں۔ جو کہ اپنے وطن کے لوگوں کی اخلاقی تربیت کے ساتھ ساتھ انہیں سیاسی شعور بھی دیتے ہیں۔ لیکن آج کے دور میں بیشتر لوگ سیاست کو کاروبار بنا کر خطہ میں اسکے کھڑپیبچ اور ٹھیکیدار بنے ہوئے ہیں۔ ایسے لوگوں کی سیاست کا محور خود کو بااختیار بنا کر اپنے اور اپنے خاندان کو نوازنہ ہے۔ اقرباء پروری کرکے اثاثے بنانا ہے۔ بیرسٹر اسرار ملک نے مزید کہا کہ ہمیں عوام کو صاف ستھری سیاست سے متعارف کروانا ہے۔ اور پی ٹی آئی یہی عزم لیکر میدان سیاست میں اتری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے کام نہ کرنے والی حکومت، سرکاری اور پرائیویٹ اداروں کو اب اپنی روش بدلنا ہو گی۔ اور آئین کے تابع ہو کر قانون کے مطابق کام کرنا ہو گا۔ ورنہ طبقات میں تقسیم معاشرہ افراتفری، بے چینی، بے راہ روی اور تذبذب کا شکار ہو کر انسانیت کی انتہائی پست سطح پر پہنچ کر تباہ ہو جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں