اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے وفاقی دارالحکومت کے جی 13 میں نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کا افتتاح کردیا۔
وزیراعظم عمران خان نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کا افتتاح کردیا ہے، ہاؤسنگ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بڑی جدوجہد کے بعد ہم اس مقام تک پہنچے ہیں جب سے حکومت میں آیا دل میں کوئی کنفیوژن نہیں، میراخواب پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا تھا، کیوں کہ فلاحی ریاست کمزور طبقے کی ذمہ داری لیتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت کے پہلے دن ہی کہا گیا کہ حکومت ناکام ہوگئی ہے، میرا ویژن بڑا کلیئر ہے کہ مجھے کیا کرنا ہے، ہاؤسنگ اسکیم پورے پاکستان میں شروع کریں گے، یہ آسان کام ہوتا تو 70 سال میں کوئی بھی کردیتا۔ گزشتہ سالوں میں ملک میں بڑے پیمانے پر تاریخی لوٹ مار کی گئی، ماضی کی حکومتوں کےلیےگئےقرضوں کا سود ہماری حکومت 6 ارب روپےروزانہ اداکررہی ہے۔